پنجاب

اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس منجمد: 36 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو منتقل

لاہور: اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے سابق وزیر کے بینک اکاؤنٹس سے 36 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو منتقل کردیئے گئے۔ نیب نے پاناما کیس کی روشنی میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کیا تھا۔

احتساب عدالت میں نیب ریفرنس سے متعلق طلب کیے جانے پر مسلسل عدم حاضری پر عدالت نے اسحاق ڈار کو نہ صرف اشتہاری قراردیا بلکہ ان کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی حکم پر عملدرآمد کے پہلے مرحلے میں اسحاق ڈار کی لاہور کےعلاقے گلبرگ میں پراپرٹی تحویل میں لے کر پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی اور اس کے بعد ڈی سی لاہور نے سابق وزیر کے بینک اکاؤنٹس کے لیے مختلف بینکوں کو خطوط لکھے تھے۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے مختلف بینکوں میں ایک درجن سے زائد اکاؤنٹس کو اب منجمد کردیا گیا ہے اور ان میں موجود 36 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو منتقل کردیئے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس سے پنجاب حکومت کو منتقل کی جانے والی رقم نیب یا عدالت کے حوالے کیے جانے سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ اسحاق ڈار عدالت میں اپنی بےگناہی ثابت کریں گے تو رقوم کی واپسی کا فیصلہ ہوگا۔

واضح رہےکہ اسحاق ڈار گزشتہ کئی ماہ سے لندن میں مقیم ہیں اور عدالتی حکم پر ان کی سینیٹر شپ بھی معطل کی جاچکی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close