مارک زکربرگ کا فیس بک ملازمین کو آئی فون سے اینڈرائڈ پر منتقل ہونے کا مشورہ
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے فیس بک کی سینیئر مینجمنٹ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آئی فون سے اینڈرائڈ فون پر منتقل ہوجائیں۔ نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل کے مطابق مارک زکربرگ امریکی کمپنی ایپل کے سی ای او کے بیان کے بعد غصے میں تھے۔ ایپل کمپنی کے سی ای او ٹِم کُک نے فیس بک کی ڈیٹا پرائیوسی کے معاملے کو برتنے پر تنقید کی تھی۔
اسی تبصرے کے بعد مارک زکر برگ نے کمپنی کی سینیئر مینجمنٹ کو آئی فون کا استعمال روکنے اور اینڈرائڈ فون استعمال کر نے کا کہا ہے ۔یہ ہدایت جاری کرتے ہوئے مارک زکر برگ نے کہا کہ اینڈرائڈ فون ایپل کے مقابلے میں استعمال کیلئے زیادہ بہتر ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹِم کُک نے کہا تھا کہ ہم آپ کی نجی زندگی میں دخل اندازی نہیں کریں گے، پرائیوسی ہمارے نزدیک انسانی حق ہے۔
ٹِم کُک نے اسی حوالے سے مزید کہا کہ اگر وہ زکر برگ کی جگہ پر ہوتے تو صورت حال مختلف ہوتی۔
مارک زکربرگ نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر آپ کوئی ایسی سروس تیار کرنا چاہتے ہیں جو کہ صرف امیر افراد کیلئے نہ ہو تو پھر آپ کو ایسی ڈیوائس کی بھی ضرورت ہوتی ہے جو عام لوگوں کو آسانی سے دستیاب ہو۔
بانی فیس بک نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم سب اسٹاک ہوم سنڈروم (ایسی صورتحال جب مغوی کو اغواء کار سے انسیت ہوجائے) کا شکار نہ ہوں اور ان کمپنیوں کو جو کہ ہم سے زیادہ پیسے لینے کیلئے تگ و دو کرتی ہیں انہیں اس بات کی اجازت دی جائے کہ وہ ہمیں اس بات پر قائل کرسکیں کہ وہ دراصل ہمارا خیال کرتی ہیں، میرے نزدیک یہ مضحکہ خیز ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں فیس بک کے پانچ کروڑ صارفین کا ڈیٹا چرانے کا اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد کمپنی کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوئے تھے ۔نتیجتاً کمپنی کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔بعد میں کمپنی کے بانی مارک زکربرگ نے صارفین سے معافی مانگتے ہوئے پرائیوسی سیٹنگز میں اہم تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔