جو اسٹیبلشمنٹ نہ کر سکی الطاف حسین نے3 نعروں میں کر لیا: رانا ثنااللہ
لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی کاکوئی کچھ نہ بگاڑسکا لیکن انہوں نےخود ہی 3 منٹ میں اپنا بیڑاغرق کرلیا۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ آئینی تقاضوں کےمطابق اگر وسیم اختردرست ہیں توانہیں حلف لینےکاحق ہے تاہم وسیم اختر کو چاہیے تھا کہ وہ ضمانت کے لیے عدالت سے ر جوع کرتے جب کہ کراچی کے عوامی نمائندوں نے جو فیصلہ کیا ہے اس کا احترام کیا جائے اور اس کو قانون کے مطابق آگے بڑھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے بانی کاکوئی کچھ نہ بگاڑسکا لیکن انہوں نےخود ہی 3 منٹ میں اپنا بیڑاغرق کرلیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہرالقادری خود ہی اپنےلیے کنواں کھود رہے ہیں، یہ جتنی چاہےگھٹیاگفتگو کریں حکومتی سطح پر ان کا جواب نہیں دیاجائے گا، ہم نے ان کو ان کےحال پر چھوڑ دیا ہے جب کہ ان کا مقصد ملک کو ترقی کی راہ سےروکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سسرالی احتجاجی ایجنڈا رسوا ہوگا اوران کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، عمران خان 2018تک ایسی ہی حرکتیں کرتےرہیں گے اور اس کے بعد الیکشن میں شکست کھا کر دوبارہ اپنے سسرال چلے جائیں گے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ پرویز الٰہی اور شیخ رشید کا سیاسی طور پر کچھ نہیں رہا اس لیے یہ سوچتے ہیں کہ کس کا بھی کچھ نہیں رہنے دینا، شیخ رشید کی موجودگی میں عمران خان کو کسی اور دشمن کی ضرورت نہیں۔