میں بھی بتا سکتا ہوں کہ غیر جمہوری قوتوں کے ذریعے عمران خان نے کسطرح حکومت بنائی، بلاول بھٹو
گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان بیرون ملک جاکر وہی زبان استعمال کر رہے ہیں، جیسا کہ وہ کنٹینر پر کھڑے ہوکر کرتے تھے، جس طرح وہ خارجہ پالیسی چلا رہے ہیں، وہ بہت ہی افسوسناک ہے، اگر وہ اس طرح کی زبان استعمال کرتے رہے تو میں بھی بتا سکتا ہوں کہ کس طرح غیر جمہوری قوتوں نے ووٹ چوری کرکے عمران خان کی حکومت بنائی۔
گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان پورے ملک کا وزیراعظم ہے، جب ایک وزیراعظم ملک سے باہر جاتا ہے تو وہ پورے ملک کا نمائندہ ہوتا ہے، ایسے وقت میں اسے اپنی ملکی سیاست کا ذکر نہیں کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ضیاء الحق جیسے حکمران کا سامنا کیا ہے تو اس کٹھ پتلی حکومت کا بھی سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں، ہم ان کی دھمکیوں سے ڈرتے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے "چوری” سے حکومت کو تشکیل دیا ہے اور اسی وجہ سے انہیں پاکستان اور پوری دنیا میں مسائل کا سامنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں انتقامی سیاست کا سلسلہ چل رہا ہے اور موجودہ حکومت سیاسی مخالفین پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے۔ چیئرمین پی پی پی نے واضح کیا کہ ہمیں اپنے جمہوری نظام کو مضبوط بنانا ہوگا اور سنجیدگی کے ساتھ کرپشن کا ختمہ کرنا ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حقِ حاکمیت اور حقِ ملکیت کی آواز قومی سطح پر اٹھائیں گے، گلگت بلتستان میں امراض قلب کے علاج کے لئے ہسپتال نہیں ہے، جو بنوایا جائے گا۔
ایک مرتبہ پھر پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک میں گلگت بلتستان کا زیادہ حصہ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں نے سندھ کی یونیورسٹیوں اور کالجز میں کوٹے بْڑھانے کا مطالبہ کیا ہے، میں سندھ حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ گلگت بلتستان کیلئے سیٹیں بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے، انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کا گلگت میں کیپمس کھولنے کیلئے بھی کوشش کرنے کا وعدہ کیا۔