بلوچستان

ریکوڈک سمیت بلوچستان کے تمام وسائل کا دفاع کرینگے، نواب ثناءاللہ زہری

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے سمیت بلوچستان کے تمام وسائل کا دفاع کرنا، اچھی طرح جانتے ہیں، کسی نے ان وسائل پر صوبے کے عوام کی مرضی کے بغیر سودے بازی کی تو بھرپور مزاحمت کریں گے، صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے اپنے بدترین دشمن کے پاس بھی جانا پڑا تو جاؤں گا، اپنے دور حکومت میں کوئی غلط کام نہیں کیا، جس پر کوئی پچھتاوا ہو، میرے خلاف ملک صوبہ اور سیاست چھوڑنے کے حوالے سے وہی لوگ منفی پروپیگنڈے کر رہے ہیں، جنہوں نے میرا ساتھ چھوڑ دیا تھا، عوام نے عام انتخابات میں انہیں بھی چھوڑ دیا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے 100 دنوں میں عوام کی بیزاری نے حکمرانوں کے پول کھول دیئے ہیں۔ بلوچستان کے وسائل کا بھرپوردفاع کریں گے۔ پہلے میں بلوچ ہوں، اس سرزمین کا وارث ہوں، اس کے بعد کسی سیاسی جماعت کا رہنماء ہوں۔ اپنی سرزمین کے وسائل لٹتے نہیں دیکھ سکتا۔ سردار زہری نے کہا کہ اگر کسی نے بلوچستان کے عوام کی مرضی کے بغیر صوبے کے وسائل پر سودی بازی کی کوشش کی تو نہ صرف احتجاج کریں گے، بلکہ مزاحمت بھی کریں گے۔ نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی اس تجویز کو سراہتا ہوں کہ بلوچستان کی تمام قوم پرست اور ہم خیال سیاسی جماعتوں کو صوبے کے مفاد میں ایک پیج پر اکٹھا ہونا چاہیئے۔ میں ان کی اس تجویز پر اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہوں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close