سانحہ صفورا، فوجی عدالت سے سزائے موت پانیوالے دہشتگردوں کی اپیلیں مسترد
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ صفورا میں فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے دہشتگرد سعد عزیز اور دیگر مجرموں کی سزا کے خلاف اپیلیں مسترد کر دی۔ تفصیلت کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں بینچ کے روبرو سانحہ صفورا میں فوجی عدالت کی سزائے موت کے خلاف دہشتگردوں کی اپیلوں کی سماعت ہوئی، عدالت نے سعد عزیز اور دیگر مجرموں کی پھانسی کے خلاف درخواست مسترد کر دی، جبکہ دہشتگردوں سے اہلخانہ کی ملاقات اور ریکارڈ دکھانے کی درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو جواب کیلئے آئندہ سماعت تک مہلت دیتے ہوئے سماعت 31 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
پراسیکوٹر جنرل سندھ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو فوجی عدالت نے سنگین جرم میں سزا سنائی ہے، فوجی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی جا سکتی ہے، فوجی عدالت نے دہشتگرد سعد عزیز، طاہر منہاس، اظہر عشرت، حافظ ناصر اور اسد الرحمن کو سزا موت سنائی تھی۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ درخواست گزاروں کو فوجی عدالت نے مختلف الزامات میں موت کی سزا سنائی ہے، دہشتگردوں کے اہلخانہ کو مقدمات کی تفصیلات نہیں بتائی جا رہی، اہل خانہ کی ملاقات کرائی جائے اور سزا پر نظرثانی کی جائے۔