آرمی چیف راحیل شریف کے خلاف عدالت میں مقدمہ کررہا ہوں
غصے سے تلملاتے ہوئے ان سانپوں کا سب سے بڑا ہدف افواج پاکستان اور خصوصاً جنرل راحیل شریف ہیں، جن کے خلاف زہر اگلنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ کچھ ایسی ہی زہر فشانی سوئٹزرلینڈ میں مقیم بھارت نواز شخصیت براہمداغ بگٹی نے بھی کی ہے، جن کا کہنا ہے کہ وہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت متعدد اہم کمانڈروں اور سابق فوجی سربراہان کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کروائیں گے۔
براہمداغ بگٹی کا کہنا تھا کہ وہ ناصرف جنرل راحیل شریف کے خلاف عالمی عدالت انصاف اور اقوام متحدہ میں جائیں گے بلکہ جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی اور جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف بھی مقدمہ کریں گے۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بولی بولتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان بلوچستان میں تشدد، اغوا اور قتل میں ملوث ہیں اور یہ کہ ان کے پاس اپنے الزامات کے حق میں دستاویزی ثبوت بھی موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آرمی سربراہان کے علاوہ آئی ایس آئی کے سربراہان اور کور کمانڈر کوئٹہ کے منصب پر فرائض سرانجام دینے والے افسران کے خلاف بھی قانونی کارروائی کریں گے۔
براہمداغ بگٹی کی اس ہرزہ سرائی کے پیچھے کونسی طاقت ہے اس کا جواب بھی انہوں نے اپنے انٹرویو میں خود ہی دے دیا۔ ان کا کہنا تھا ”میں اپنے لوگوں کے لئے سیاسی پناہ کے حصول کے لئے کوشاں ہوں اور خود بھی بھارت منتقل ہو جانا پسند کروں گا۔ بھارت چلے جانا ہمارے لئے زیادہ بہتر ہے۔“ جب ان سے پوچھا گیا کہ پاکستانی حکام انہیں انٹرپول کے ذریعے واپس لانا چاہ رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا ”اب دیکھتے ہیں کہ وہ مجھے واپس پاکستان لیجاتے ہیں یا میں عدالت کو حرکت میں لاکر پاکستانی جرنیلوں کی یورپ میں نقل و حرکت پر پابندی عائد کرواتا ہوں۔“