امریکا میں برف کا طوفان، تین ہلاک، نظام زندگی منجمد
واشنگٹن: متحدہ ریاست ہائے امریکا کی جنوب مشرقی ریاستیں ، ان دنوں برف کے خوفنا ک طوفان کی زد میں ہیں، اب تک تین افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شمالی کیرولینا سمیت امریکا کی جنوب مشرقی ریاستیں اس وقت ڈیاگو نامی برفانی طوفان کے قہر کا سامنا کررہی ہیں، اس طوفان نے مذکورہ علاقوں میں نظامِ زندگی منجمد کرکے رکھ دیا ہے۔
طوفان کے سبب کئی ریاستوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے، اب تک مختلف حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد اس وقت بغیر بجلی کے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
شارلٹ نامی علاقے کے مضافات میں ایک شخص کی گاڑی پر درخت آگرا جس کے سبب وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ اس کے ساتھ موجود دوسرے شخص کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مغربی علاقے میں طوفان سے متاثرہ ایک خاتون اسپتال میں دورانِ علاج چل بسی۔
ونسٹس سیلم نامی علاقے میں ایک شخص کو ہارٹ اٹیک ہوا، اسے طبی امداد کے لیے منتقل کیا جارہا تھا کہ اس کی موت ہوگئی ۔ ایک گاڑی دریا سے ملی ہے اور اس کے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے کہ آیا وہ زندہ ہے یا نہیں۔
شدید سردی اوربرفباری سے راستے بند ،بجلی اورمواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اوربرف سے ڈھکی سڑکوں پرگاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ برفباری کے سبب لوگ گھروں میں محصورہوکر رہ گئے ہیں ، اب تک ساڑھے اٹھارہ انچ برف باری ہوچکی ہے۔
برف باری کے سبب اب تک سینکڑوں کار حادثے بھی ہوچکے ہیں جن میں لوگوں کی بڑی تعداد زخمی بھی ہوئی ہے ، امریکا کے اس خطے میں اب تک ہزاروں پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ، سڑکوں سے برف ہٹانے اوربجلی اورمواصلات کے نظام کی بحالی کا کام جاری ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مزید برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔