وفاقی کابینہ کا اجلاس، شیخ رشید اور مراد سعید کی کارکردگی سب سے پسندیدہ قرار : ذرائع
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اجلاس کے دوران شیخ رشید اور مراد سعید کی وزارتوں کی کارکردگی سب سے پسندیدہ قرار پائی ۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی کارکردگی کو زبردست قرار دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے مراد سعید کی بہترین کارکردگی پر انہیں انعام کے طور پر وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ میں سب سے شاندار کارکردگی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی قرار پائی۔ وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ نے شیخ رشید کی کارکردگی پر ڈیسک بجا کر انہیں داد دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیر نجکاری کو سول ایوی ایشن کا اضافی چارج دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی خالد مقبول کے ساتھ مشیر لگائے جانے کا بھی امکان ہے۔