جوش خطابت میں زعیم قادری نے نوازشریف کی نااہلی کی دعا مانگ لی
لاہور : پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری کی جوش خطابت میں زبان پھسل گئی۔ زعیم قادری نے اپنے لیڈر نوازشریف کی نااہلی کے لیے ہی دعا مانگ لی۔ غلطی کا احساس ہونے پر توبہ توبہ کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق زبان چلاتے وقت عقل کا استعمال کتنا ضروری ہے یہ بات آج اس وقت درست ثابت ہوئی جب ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم قادری جوش خطابت میں کپتان کی بجائے اپنے ہی قائد میاں نواز شریف کے نااہل ہونے کی پیشگوئی کر گئے۔ شاید اسی لیے بزرگوں کا قول ہے پہلے تولو پھر بولو۔
ترجمان پنجاب حکومت ویسے تو ہر وقت ہی جوش میں رہتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کوئی بھی بیان آئے تو وہ اسکا جواب دینے کے لیے ہروقت تیار رہتے ہیں چاہے ضروری ہو یا نہ ہو۔ ایوان وزیراعلیٰ میں بھی وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اتنے جوش میں آئے کہ ہوش کا دامن کھو بیٹھے۔
عمران خان کی بجائے اپنے ہی قائد میاں نواز شریف کی نااہلی کی پیشگوئی کر بیٹھے۔ جوش خطابت میں ان کی زبان سے نکلا ”میاں نوازشریف تو میں نے کہہ دیا کہ نااہل ہو جائیں گے انشاءاللہ“۔ غلطی کااحساس ہونے پر زعیم قادری میڈیا کے نمائندگان سے فوٹیج نہ چلانے کا کہتے رہے۔