سزا مکمل ہونے پر بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو رہا کردیا گیا، دفتر خارجہ
اسلام آباد: پاکستان نے غیرقانونی طور پر اپنی حدود میں داخل ہونے والے بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو سزا مکمل ہونے کے بعد رہا کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے، ریاست مخالف سرگرمیوں اور دستاویزات کی ہیر پھیر میں ملوث بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو سزا مکمل ہونے کے بعد رہا کردیا گیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ حامد نہال انصاری کو واپس بھارت بھجوایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری 2012 میں دستاویز کے بغیر پاکستان میں داخل ہوا تھا، جس کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا اور پھر دسمبر 2015 میں اسے 3 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
حامد نہال انصاری کی سزا اس ماہ کی 15 تاریخ کو ختم ہوگئی تھی۔
اس سے قبل 13 دسمبر کو پشاور ہائی کورٹ نے حامد نہال انصاری کی رہائی کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے وزارت داخلہ کو 14 دن میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔