انٹرٹینمنٹ

‘فلم میں رانی نہیں ملی، حقیقی زندگی میں مل گئی‘: رنویرکا دپیکا کیلئے جذبات کا اظہار

بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کا کہنا ہے کہ فلم ‘پدماوت’ میں تو انہیں ان کی رانی نہیں ملی تھی، لیکن حقیقی زندگی میں انہیں دپیکا پڈوکون کی صورت میں رانی مل گئی ہے۔

گزشتہ رات ممبئی میں اسٹار اسکرین ایوارڈ تقریب کا میلہ سجا، جس میں بالی وڈ کے متعدد ستاروں نے شرکت جن میں نوبیاہتا جوڑا دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ بھی شامل تھے۔

تقریب کے دوران رنویر سنگھ کو فلم ’پدماوت‘ میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ فلم ‘پدماوت’ رواں برس 25 جنوری کو ریلیز کی گئی تھی، جس میں دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ اس فلم کو ریلیز سے قبل اور بعد میں کافی تنازعات کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

ایوارڈ موصول کرنے کے بعد رنویر سنگھ نے اہلیہ دپیکا پڈوکون سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘فلم (پدماوت) میں تو مجھے رانی نہیں ملی لیکن حقیقی زندگی میں مجھے میری رانی مل گئی ہے’۔

ایوارڈ تقریب میں رنویر نے دپیکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘گزشتہ 6 برس سے میری کامیابی دپیکا کی وجہ سے ہے کیونکہ انہوں نے مجھے جوڑے رکھا’۔

دوسری جانب ایوارڈ تقریب میں رنویر کے محبت بھرے جذبات سن کر دپیکا آب دیدہ ہوگئیں۔

رنویر نے اس یادگار لمحے کی تصویر انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی اور لکھا، ’فخر کرنے والی بیگم‘۔

بعدازاں رنویر نے فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اور پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ دپیکا اور رنویر 14 اور 15 نومبر کو اٹلی کے خوبصورت ترین مقام ‘لیک کومو’ میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ جہاں صرف مخصوص مہمانوں کو ہی مدعو کیا گیا تھا۔ 

شادی کے بعد جوڑے نے 3 استقبالیہ تقاریب کا انعقاد کیا تھا، سب سے پہلی تقریب 21 دسمبر کو بنگلور میں منعقد ہوئی، جس کے بعد دوسری تقریب 28 نومبر کو ممبئی میں ہوئی، جس میں رشتے داروں اور قریبی دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا جبکہ یکم دسمبر کو  ممبئی میں فلم نگری اور دیگر نامور شخصیات کے لیے ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔   

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close