متاثرہ تاجروں کے روزگار کیلئے دکانوں کا انتظام بھی کر لیا گیا، میئر کراچی
کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا، متاثرہ تاجروں کا روزگار بحال کرنے کے لئے دو ہزار دکانوں کا انتظام بھی کر لیا گیا ہے۔
کراچی چیمبر آف کامرس کے تاجروں سے ملاقات میں میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات پر کراچی کے پارکوں، فٹ پاتھوں اور نالوں پر قائم مارکیٹوں کو ختم کیا جا رہا ہے جبکہ کے ایم سی کے کرائے داروں کو متبادل دکانیں دینے کے لئے 2 ہزار دکانوں کا بندوبست بھی کر لیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور منشیات برآمد ہوا۔ وسیم اختر نے مزید بتایا کہ تجاوزت اور چائنا کٹنگ کے خلاف کارروائیوں کے سبب انہیں سیاسی پارٹیوں کی جانب سے دھمکیاں دی جا رہی ہے، مگر اس کے باوجود وہ شہر کی بہتری کے لئے اپنی خدمات انجام دیتے رہینگے۔