لاہور: سابق صدر پاکستان آصف علی زردری کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق صدر ملک سے باہر نہیں جا رہے بلکہ مقدمات کا سامنا کریں گے اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ڈرامہ ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمات کے لیے وطن واپس آنے والے کا نام ای سی ایل میں ڈالنا کہاں کا انصاف ہے، عمران خان اپنی حکومت کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو کچل رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی بھی عدالتی فیصلے سے قبل آصف زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالنا بدمعاشی ہے، آصف زرداری ملک سے باہر نہیں جا رہے بلکہ مقدمات کا سامنا کریں گے اور وہ الیکشن سے اب تک ملک میں ہیں۔