صرف انکوائری پر استعفیٰ دینا ہے تو وزیراعظم سے بھی استعفیٰ لیا جائے: مرتضیٰ وہاب
کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اگر انکوائری کی بنیاد پر استعفے کا مطالبہ کیا جارہا ہے تو تحریک انصاف اپنے وزیراعظم سمیت دیگر لوگوں سے بھی استعفیٰ لے۔
تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کے مطالبے پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کل بلاول بھٹو نے جے آئی ٹی کی فائنڈنگز کو سفید جھوٹ قرار دیا، ہم اپنے شواہد پیش کرکے اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ سیاسی انتقام کے لیے جے آئی ٹی کی فائنڈنگز سامنے لائی گئیں، اسے عدالت سے مسترد کرائیں گے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے، انکوائری کی بنیاد پر استعفیٰ دینا ہے تو وزیراعظم، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان اور پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کے خلاف بھی نیب میں تحقیقات چل رہی ہے اس لیے تحریک انصاف میں بھی اتنی اخلاقی جرات ہونی چاہیے کہ اپنی جماعت سے بھی استعفے کا مطالبہ کریں۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ہم آئینی و قانون راستہ اختیار کریں گے، ای سی ایل کا قانون اس وقت لاتے ہیں جب کوئی شخص بھاگنے کی کوشش کررہا ہو لیکن جو شخص حکومت میں شامل ہو اور صوبے کا وزیراعلیٰ ہو تو ایسے شخص کو ای سی ایل میں ڈالنا بدنیتی ظاہر کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے عدالت فیصلہ کرے، جرم ثابت ہوجائے تب ایسی کارروائی کریں تو بہتر ہوگا، ہماری قیادت نے ماضی میں بھی مقدمات کا سامنا کیا اور اب بھی کریں گے ہم بھاگنے والے نہیں ہیں۔