ایف آئی اے کا مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے دفتر پر چھاپہ، 2ملازم گرفتار
ایف آئی اے کراچی نے حوالہ اورہنڈی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران کچھ دن قبل شکیل جعفرانی نامی ہنڈی ایجنٹ کو گرفتار کرکے اس کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا، دوران تفتیش شکیل جعفرانی نے سندھ کی اہم شخصیات اور کاروباری گروپوں کیلیے حوالہ اورہنڈی کے ذریعے زرمبادلہ بیرون ملک منتقل کرنے کا اعتراف کیا، شکیل جعفرانی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کی جانب سے بھی صرف ایک سال کے دوران تقریباً 15 کروڑ روپے ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیے گئے ایف آئی اے نے اس سلسلے میں جب تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا تو انکشاف ہوا کہ مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے مالک ندیم مانڈوی والا اور ان کے صاحبزادے عادل مانڈوی والا فلموں اور سینما آلات کی درآمد کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور درآمدی ڈیوٹی بچانے کیلیے درآمد شدہ سامان کو اصل قیمت سے کہیں کم قیمت ظاہر کرتے ہیں جسے قانونی اصطلاح میں انڈر انوائسنگ کہا جاتا ہے اور درآمد شدہ سامان کی رقم پوری کرنے کیلیے حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے باقی رقم بیرون ملک بھیجنے میں ملوث ہیں۔
ایف آئی اے حکام نے تمام شواہد کی روشنی میں جمعے کی شام سرور شہید روڈ پر واقع شاپنگ مال میں قائم مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے دفتر پر چھاپہ مارا اور تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ ایف آئی اے حکام رات گئے تک شبیر حسین سے تفتیش کررہے تھے تاہم مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔علاوہ ازیں ترجمان مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے مطابق ایف آئی اے نے مانڈوی والا انٹرٹینمینٹ کمپنی کے دفتر چھاپہ مارا اورا یک ملازم کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لینے کے بعد چھوڑ دیا ۔ چھاپے میں دفترسے اہم دستاویزات بھی قبضے میں لی گئی ہیں ، مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ ایف آئی اے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں جبکہ مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ قانون کی پاسداری کرنے والا ادارہ ہے۔