سونم کپور فواد خان کے سحر سے باہر نہ نکل سکیں
ممبئی: بالی ووڈ اداکار ہ سونم کپور فواد خان کی دیوانی نکلیں اور انہوں نے اپنی اور پاکستانی اداکار کی جوڑی کو بہترین قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ میں ہدایت کار کرن جوہر نے اداکارہ سے سوال کیا کہ ’آپ اسکرین پر سب سے زیادہ کس کے ساتھ خوبصورت نظر آتی ہیں؟‘۔
سونم کپور نے ایک لمحہ سوچے بغیر پاکستانی اداکار فواد خان کا نام لیا اور کرن جوہر سے کہا کہ ’آپ نے انہیں واپس پاکستان بھیج دیا‘۔ پروگرام میں اداکارہ کی بہن اور بھائی بھی مہمان کی حیثیت سے شریک ہوئے۔
قبل ازیں پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا ٹریلر دیکھنے کے بعد سونم کپور نے فواد خان کو مخاطب کر کے بولا تھا کہ ’آپ ایک اسٹار ہیں‘۔
یاد رہے کہ پاکستانی اداکار فواد خان نے بالی ووڈ فلم ’خوبصورت‘ کے ساتھ ڈیبیو کیا تھا جس میں اُن کے مد مقابل سونم کپور تھیں۔ دونوں اداکاروں نے پہلی بار ایک ساتھ کام کیا جسے شائقین نے بہت پسند کیا تھا۔
یہ بھی یاد رہے کہ 2014 میں سامنے آنے والی فلم ’خوبصورت‘ کے بعد فواد خان نے کرن جوہر کی فلموں ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں کام کیا تاہم 2016 میں مقبوضہ کشمیر میں واقع فوجی چھاؤنی اڑی سیکٹر پر حملے کے بعد بھارتی انتہاء پسندوں نے بالی ووڈ ہدایت کاروں کو دھمکی دی تھی کہ وہ آئندہ اپنی کسی بھی فلم میں پاکستانی اداکاروں کو موقع نہ دیں۔
بھارتی ہندو انتہاء پسند تنظیموں کی دھمکیوں کے باعث فواد خان اور ماہرہ خان اپنی فلمیں ادھوری چھوڑ پر پاکستان واپس آگئے تھے البتہ آج بھی بالی ووڈانڈسٹری میں دونوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا جاتا ہے۔