پنجاب

مہمند ڈیم کے ٹھیکے پر تنازع: پیپلز پارٹی کی نیب میں درخواست دائر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ وزیر اعظم کے مشیر کی ’سابق کمپنی‘ کو دینے کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) میں پٹیشن دائر کر دی۔

واضح رہے کہ 2 جنوری کو حکومت نے مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ ڈیسکون کو تفویض کیا جبکہ مذکورہ کمپنی کے سابق شیئرہولڈر وزیراعظم عمران خان کے تجارتی مشیر عبدالرزاق داؤد ہیں۔

اس حوالے سے عبدالرزاق داؤد وضاحت پیش کر چکے ہیں کہ انہوں نے وزیراعظم کا مشیر بننے سے قبل ڈیسکون کے تمام شیئرہولڈرز سے مستعفیٰ ہو گئے تھے اور ان کے اہلخانہ کمپنی کے امور دیکھ رہے ہیں۔

پی پی پی کے رہنما چوہدری ظہیر محمود نے نیب میں دائر پٹیشن میں موقف اختیار کیا کہ ’ڈیسکون کو ٹھیکہ تفویض کرنا مفادات کا ٹکراؤ اور طریقہ کار و قوانین کے منافی ہے‘۔

پٹیشن میں کہا گیا کہ منصوبے کی شفافیت پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں، اہم منصوبے کی غیر شفاف بولی پر عبدالرزاق داؤد اور دیگر فریقین کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا جائے۔

درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ عبدالرزاق داؤد کی کمپنی ٹھیکے کے لیے درکار تکینکی معیارات پر پورا نہیں اترتی۔

اس حوالے پٹیشن میں کہا گیا کہ’ایف ڈبلیو او کے ساتھ معاہدہ تکنیکی بنیادوں پر منسوخ کیا گیا تاہم ڈیسکون کو سنگل بولی پر ٹھیکہ تفویض کردیا گیا۔

ظہیر محمود نے پٹیشن میں کہا کہ ’عبدالرزاق داؤد وزیراعظم کے مشیر ہیں اور پارلیمانی امور میں بھی حصہ لیتے ہیں‘۔

پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا کہ ’عبدالرزاق داؤد نے نیب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 9 کی خلاف ورزی کی اس لیے ان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا جائے۔

دوسری جانب ریڈیو پاکستان کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ’مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب 13 جون کو منعقد ہوگی‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ مہمند ڈیم کے ٹھیکے میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) کو مراسلہ لکھیں گے تاہم امید کرتے ہیں کہ حکومت اس پر اعتراض نہ اٹھائے۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’نیوز آئی‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ’ڈیم کی تعمیرات کے لیے ڈبلیو ایف او اور ڈیسکون کا معاہدہ موجودہ حکومت نے ’تکنیکی‘ بنیاد پر ختم کیا اور ڈیسکون کے شیئر ہولڈز اور وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد کو ڈیم کی تعمیرکا ٹھیکہ دے دیا گیا‘۔

پروگرام کے دوسرے مہمان اور وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ ’پی پی پی کالا باغ ڈیم کی طرح مہمند ڈیم کو بھی متنازع بنا کر سرد خانے کی نظر کرنا چاہتی ہے، جو ناقابل قبول ہے‘۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ ’اپوزیشن جماعتیں ڈیم کی تعمیر سے متعلق ٹھیکے کی تحقیقات کے لیے پورے پاکستان میں سے کسی بھی ادارے کو بلا لے، حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا‘۔

فیصل واوڈا نے واضح کیا کہ ’مراسلے کے خلاف حکومت کا اعتراض ناقابل فہم بات ہے‘۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close