وفاق نے خواجہ اظہار کی رہائی کیلیے وزیراعلیٰ کو مجبور کیا، عمران خان
اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے خواجہ اظہار کی گرفتاری کے بعد لیے گئے وزیراعظم کے نوٹس پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ پولیس کے معاملات میں وزیراعظم کی مداخلت قابل تشویش ہے۔
عمران خان نے کہا کہ سندھ پولیس کے معاملات میں نواز شریف کی مداخلت قابل تشویش ہے، پولیس کے معاملات میں سیاسی مداخلت کام میں رکاوٹ بنتی ہے، خواجہ اظہار کی گرفتاری پر وفاق کی مداخلت کے بعد متحدہ رہنما کی گرفتاری سیاسی ایشو بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ فرائض سر انجام دینے والے ایس ایس پی رائو انوار کو معطل کیا گیا اور مداخلت کرکے متحدہ رہنما کی رہائی کے لیے وزیراعلیٰ کو مجبور کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تباہی کی قیمت پر بھی ایم کیوایم پیپلزپارٹی کو مطمئن کرنا چاہتے ہیں جب کہ ہم نے کے پی کے پولیس میں سیاسی مداخلت کا سلسلہ روک دیا۔ چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نوازشریف پاناما لیکس کی تحیققات سے خوفزدہ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کو پولیس نے حراست میں لیا جس کا وزیراعظم نےنوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سے رابطہ کیا تھا جب کہ وزیراعلیٰ کی مداخلت پر خواجہ اظہار کر رہا کیا گیا اور ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو معطل کردیا گیا۔