لاہور: پنجاب کے سابق وزیر قانون اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے خلاف ریفرنس قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کو بھیجنے کا اعلان کردیا۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ‘میں اسپیکر قومی اسمبلی کو شیخ رشید کے خلاف ریفرنس بھیج رہا ہوں اور ان سے استدعا کروں گا کہ یہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجیں’۔
رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ ‘شیخ رشید کے جدوجہد کے نام پر بنائے گئے ٹریننگ کیمپ کے ثبوت موجود ہیں، جسے انہوں نے جوئے کے اڈے کے طور پر چلایا اور اس طرح کشمیر کاز اور کشمیریوں سے غداری کی’۔
لیگی رہنما نے مزید الزام کیا کہ ‘شیخ رشید اس ٹریننگ کیمپ کے ذریعے لوگوں سے بھتہ بھی لیتے رہے، انہوں نے تمام جائیداد جوئے، بھتے اور حرام کی کمائی سے بنائی اور حرام کی کمائی سے اپنے بھائیوں اور بھتیجوں کے نام پر کاروبار کیا’۔
رانا ثناء اللہ کہنا تھا کہ ‘شیخ رشید فطرتاً جھوٹا اور فراڈیا ہے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘شیخ رشید نے وزارت میں پہلے بھی کرپشن کی اور اب بھی کرپشن کر رہے ہیں، اس معزز ایوان میں ان کا موجود ہونا ایوان کی توہین ہے’۔
واضح رہے کہ گذشتہ کافی عرصے سے رانا ثناء اور شیخ رشید کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔
گذشتہ ماہ 27 دسمبر کو وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک بار پھر اپنی توپوں کا رخ رانا ثناء اللہ کی طرف کرتے ہوئے انہیں ‘بدبودار آدمی’ قرار دیا تھا۔
جس پر رانا ثناء نے بھی لگی لپٹی نہ رکھی اور ردعمل میں کہا کہ ‘شیخ رشید نے ہر عزت دار شخص کو ڈسا ہے، وہ جس کے ساتھ رہے، بعد میں اس کے خلاف گھٹیا گفتگو کی’۔
انہوں نے شیخ رشید کو ‘اپنی زبان کنٹرول کرنے’ کا بھی مشورہ دیا تھا۔