ایک ڈاکو فخر سے بتا رہا ہے کہ مجھ پر 50 کیسز ہیں، حلیم عادل شیخ
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور ہمنواؤں کا قومی کھیل صرف کرپشن ہی رہا ہے، ایک ڈاکو فخر سے بتا رہا ہے کہ مجھ پر 50 کیسز ہیں، گنے کی بات کرنے والے آصف زرداری کو اومنی گروپ کی شوگر ملوں کی فکر کھائے جارہی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ گرفتاری گرفتاری کا رونا رونے والے جلد نواز شریف سے اڈیالہ میں ملنے والے ہیں، لوگوں کو حقوق دینے کی بجائے آصف زرداری نے سارے حقوق اومنی گروپ کو دیئے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آصف زرداری نے نوکری ایان علی کے لئے کی تھی جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی نوکری ملک و قوم کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کی کمی نہیں، آصف زرداری اور مراد علی شاہ جیسے چور لوگوں کی وجہ سے پانی چوری ہورہا ہے، بینظیر بھٹو کی سوچ اتنی کم نہیں تھی کہ وہ آصف زرداری کو ورثہ دیکر جائیں، الوداعی جلسوں میں آصف زرداری اور ہمنواؤں کا شکست خوردہ لہجہ عوام دیکھ رہی ہے۔