افغان طالبان اورامریکا میں مذاکرات کا اگلا دور کل سے شروع ہوگا
دوحا : افغان طالبان اورامریکامیں مذاکرات کا اگلا دورکل سےقطرمیں شروع ہوگا ، طالبان نے مذاکرات کی تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات میں طالبان اور امریکا کے علاوہ کوئی دوسرا ملک شرکت نہیں کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق افغان میڈیا نے طالبان رہنما کے حوالے سے بتایا کہ افغان طالبان اورامریکی حکام کے درمیان مذاکرات کا اگلا دوربدھ سے قطرمیں ہوگا، امریکی نمائندوں اورطالبان کے درمیان دوحا میں مذاکرات دو دن جاری رہیں گے۔
طالبان کا مذاکرات کی تصدیق کر تے ہوئے کہنا ہے کہ قطر مذاکرات میں افغان حکومت کے نمائندے کو شرکت کی اجازت نہیں دی، کابل حکومت کٹھ پتلی حکومت ہے ، مذاکرات میں طالبان اورامریکا کے علاوہ کوئی دوسرا ملک شرکت نہیں کرے گا۔
یاد رہے دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں افغان امن مذاکرات میں طالبان اور امریکا کے ساتھ پاکستان ، سعودی عرب اور یو اے ای کے نمائندوں نے بھی شرکت کی تھی، جس میں افغانستان میں ممکنہ جنگ بندی اور غیر ملکی افواج کے انخلا کے بارے میں بات چیت کی گئی۔
طالبان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد کے ساتھ ملاقات اور ابتدائی بات چیت کی ہے اور یہ کہ مذاکرات کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
خیال رہے افغانستان میں امن کی بحالی کے لئے امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
وزیرِ اعظم نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ “ہم امید کرتے ہیں کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات سے افغانستان میں امن کی راہ ہموار ہوگی اور تین دہائیوں سے جاری جنگ کے باعث افغانیوں کی مشکلات ختم ہوں گی۔”
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو خط ارسال کیا تھا، خط میں امریکی صدر نے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے پاکستان سے مدد مانگ تھی۔