کراچی: پاکستان کی سمندری حدود میں بڑی ڈرلنگ کے لیے مدر آف آل رگز لنگر انداز ہو گیا ہے، تیل کی تلاش کے لیے آئندہ2دنوں میں ڈرلنگ شروع ہو جائے گی۔تفصیلات کے مطابق مدر آف آل رگز نامی بحری جہاز کراچی کے ساحل سے 230 کلو میٹر دور لنگر انداز ہو گیا ہے، مدر آف آل رگز سے ڈرلنگ آئندہ 2 روز میں شروع ہو جائے گی۔ ایگزون موبل اور ای این آئی کمپنی سمندر میں تیل دریافت کریں گی، ڈرلنگ کرنے والے جہاز کی معاونت کے لیے دیگر 3 جہاز بھی ساتھ ہیں، سمندر سے تیل کے بڑے ذخائر دریافت ہونے کی توقع ہے۔
یاد رہے 2 جنوری کو پاکستان میں سمندر کی تہہ سے تیل کی تلاش کے مشن کے تحت دنیا کی سب سے بڑی آئل کمپنی ایگزون موبل کے بحری جہاز پاکستانی سمندری حدود میں ڈرلنگ کے لیے پہنچے تھے۔مشیر برائے میری ٹائم افئیر محمود مولوی نے بتایا تھا کہ ڈرلنگ کے لیے منگوائے گئے تینوں سپلائی ویزلز بالکل نئے ہیں، ایگزون موبل 27 سال کے بعد پاکستان میں موجودہ حکومت کی کوششوں سے آئی ہے۔