دنیا

حلب میں فرانسیسی طبی مرکز پر بمباری

انٹرنیشنل یونین آف میڈیکل کیئر اور ریلیف آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ منگل کی شب شمالی شام کے شہر حلب میں باغیوں کے علاقے میں ایک طبی مرکز پر حملہ ہوا ہے جس میں مرکز کی عمارت زمیں بوس ہو گئی ہے۔ اس میں مزید لاشوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بتایا جاتا ہے کہ یہ ایمرجنسی طبی مرکز حلب کے جنوبی قصبے خان طومان میں تھا۔

علاقے میں گروپ کے ہسپتالوں کے ڈائرکٹر احمد دباس نے ایک بیان میں کہا: ’عمارت تین منزلہ تھی جس میں بیسمنٹ بھی تھی لیکن بمباری کے سبب عمارت پوری طرح زمیں بوس اور مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔‘

برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ حملے میں 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں چار نرسیں اور طبی عملے اور نو باغی شامل ہیں۔ ان کے مطابق یہ باغی القاعدہ سے منسلک گروپ ’فتح الشام فرنٹ‘ سے تعلق رکھتے تھے۔

اس سے قبل پیر کو شام کے شہر حلب کے قریب اقوامِ متحدہ کے امدادی قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 20 افراد ہلاک ہوئے جبکہ سامان سے بھرے 31 میں سے 18 ٹرک تباہ ہو گئے تھے۔

امریکہ نے شام میں اقوامِ متحدہ کے امدادی قافلے پر حملے کی ذمہ داری روس پر عائد کی تھی۔

جبکہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے شامی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پانچ سالہ خانہ جنگی میں اس نے زیادہ تر اپنے شہریوں کو ہلاک کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے آخری خطاب میں بان کی مون کا کہنا تھا کہ جو بھی شام میں ایک دوسرے سے جنگ لڑنے والوں کی حمایت کرتا ہے ان کے ہاتھوں پر بھی خون لگا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ امدادی قافلے پر حملے کے بعد اقوامِ متحدہ نے شام بھجوائی جانے والی تمام امداد کو معطل کر دیا ہے۔

ادھر نیویارک میں موجود سفیر ایک ہفتے تک چلنے والے جنگ بندی کے معاہدے کو بچانے کے لیے کوشاں ہیں۔

امریکی سیکریٹری خارجہ جان کیری نے روسی ہم منصب سرگئی لاؤورف سے بات چیت میں اصرار کیا کہ معاہدہ ’بےجان نہیں‘ ہوا۔

بان کی مون نے کہا کہ ’بہت سے گروہوں نے بہت سے معصوموں کو مارا ہے مگر شامی حکومت سے زیادہ نہیں جس نے علاقوں کو بیرل بموں سے نشانہ بنایا اور منظم انداز میں ہزاروں قیدیوں پر تشدد کیا۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو ممالک اس جنگ میں مدد فراہم کر رہے ہیں ان کے ہاتھ بھی خون میں رنگےہوئے ہیں۔

سیکریٹری جنرل نے اقوامِ متحدہ کے قافلے پر حملے کو بیزار کر دینے والا، وحشیانہ اور بظاہر دانستہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے۔

شام نے بان کی مون پر اقوامِ متحدہ کے منشور کا تمسخر اڑانے کا الزام عائد کیا ہے۔

شامی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ بین الاقوامی اختلافات کا حل نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close