حکومت کا منی بجٹ نان فائلر کےلیے آسانیاں جبکہ فائلرز کے مشکل لے کر آیا ہے
لاہور میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران سعد رفیق نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر خیرات نہیں ہے یہ ہمارا حق ہے، پرویز مشرف کے دور میں بھی یہ جاری کیے جاتے تھے، پروڈکشن آرڈر کا اجرا بند کرانے سے متعلق بات نعیم الحق کی ٹویٹ نہیں بلکہ وزیراعظم کا موقف ہے۔ یہ غیر جمہوری رویہ ہے، انہوں نے یہ ٹویٹ کرکے اپنی پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے۔
اپنے خلاف ریفرنس سے متعلق سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ماہ گزر چکا ہے لیکن نیب کے ابھی تک کوئی بھی شواہد پیش نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنی سہولت کےلیے منی بجٹ لے کر آیا ہے، اس بجٹ میں بیرون ممالک جائیدادیں رکھنے والوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے، حکومت کا منی بجٹ نان فائلر کےلیے آسانیاں جبکہ فائلرز کے مشکل لے کر آیا ہے، یہ کیسا بجٹ ہے جس میں نوکریوں، گھروں اور زراعت کے شعبے کا ذکر ہی نہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ملکی سیاسی حالات اسی وقت صحیح ہوں گے کہ جب سب سیاسی جماعتیں مل کر چلیں گی، ملکی ریاستی اور سیاسی ادراوں کو مل کر چلنا ہوگا، اگر ہم آپس میں جھگڑا کرتے رہیں گے تو پھر ہم دائرے کی بات کرتے رہے گے، جوتوں میں دال باٹنا بند کرنا ہوگی۔