خیرپور: پیپلز پارٹی کے رہنما منظور حسین وسان نے دعویٰ کیا ہے کہ 2020ء میں عمران خان وزیراعظم نہیں رہیں گے، وہ سال ان کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ اندرون سندھ کے شہر خیرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ 2020ء میں عمران خان کے ساتھ جو اتحاد ہے، وہ ٹوٹ جائے گا، اتحاد ٹوٹنے کے بعد اسی میں سے ایک اور وزیراعظم منتخب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ آنے والا وزیراعظم پی ٹی آئی سے ہو اور یا یہ بھی ممکن ہے کہ کسی اور پارٹی سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کی ملاقات ہوگی، اب یہ جیل میں ہو اور یا جیل سے باہر ہو، مگر ملاقات ضرور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ احتساب ہو تو سب کا ہو، مگر ایسا نہ ہو کہ کسی کو انکوائری کے درمیان ہی گرفتار کرلیا جائے اور کسی کا ریفرنس داخل ہو، تو بھی گرفتاری نہ ہو۔
موجودہ وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ برسراقتدار آنے سے قبل دعوے تھے کہ گھر تعمیر کریں گے اور روزگار دیں گے، مگر کر سب کچھ الٹا کر رہے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ گھر نہ گرانے اور روزگار نہ چھیننے کے وعدے کہاں گئے۔ پی پی پی رہنما نے کہا کہ سی ٹی ڈی، سی آئی اے، پولیس اور کچھ دیگر کے متعلق عمران خان کو ابھی معلوم ہوا ہے کہ وہ پاورفل ہیں اور ان کو جلد ہاتھ لگانے سے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں، لیکن اس وقت یہاں اس کے برعکس ہو رہا ہے۔