امریکی انخلاء کے بعد افغانستان میں حالات خراب ہوئے تو پاکستان پر دباؤ نہیں آئے گا، آصف غفور
پشاور: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ مارچ کے مہینے سے شمالی وزیرستان میں موبائل فون کام شروع کردے گا۔ ذرائع کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے اتوار کے روز قومی اور بین الاقوامی میڈیا نمائندوں کے ساتھ شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام رواں سال میں مکمل ہوجائے گا جس سے دہشت گردوں کا راستہ روکنے میں مدد ملے گی۔ رپورٹس کے مطابق جی او سی ممتاز حسین نے وفد کو علاقائی صورتحال، نئے مارکیٹوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
ترجمان پاک فوج نے اس موقع پر کہا کہ اگر افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد وہاں حالات خراب ہوئے تو باڑ کی وجہ سے پاکستان پر دباؤ نہیں آئے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے وفد کے ہمراہ میرانشاہ میں نئے بنائے گئے مارکیٹوں کا دورہ کیا اور وہاں لوگوں کے مسائل سنے، میجر جنرل نے کہا کہ میڈیا کے نمائندے جب بھی چاہے یہاں کے لوگوں کی کوریج کرسکتے ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی کہا کہ شمالی وزیرستان کی تاجر برادری کے نقصان کا ازالہ بہت جلد کیا جائے گا۔