سدھارتھ ملہوترا کی سیف علی خان کی بیوی کرینہ کپور کو بیوی بنانے کی خواہش
ممبئی: بھارتی ٹیلی وژن کے چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ کے ہمیشہ ہی چرچے رہتے ہیں۔اسی پروگرام کے ایک سلسلے میں کرن جوہر مہمانوں سے کچھ منفرد سوال پوچھتے ہیں، جس میں ان سے شادی، محبت، بہن، بھائی اورکسی کو قتل کرنے کی خواہش جیسے سوالات شامل ہوتے ہیں۔اسی سلسلے کے تحت کرن جوہر نے اداکار سدھارتھ ملہوترا سے بھی کچھ منفرد سوالات کیے، جس کے انہوں نے حیران کن جوابات دیئے۔آنے والی قسط میں سدھارتھ ملہوترا ساتھی اداکار ادیتیا رائے کپور کے ساتھ نظر آئیں گے۔
اسٹار ورلڈ کی جانب سے اس پروگرام کا پرومو ٹیزر سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔ویڈیو میں کرن جوہر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سدھارتھ ملہوترا کہتے ہیں کہ وہ کرینہ کپور کو اپنی اہلیہ بنانا چاہیں گے۔کرن جوہر نے اداکار سے سوال کیا کہ اگر انہیں موقع دیا جائے کہ وہ کسی کو اپنی بیگم بنائیں تو وہ کس کو اس رشتے کے لیے منتخب کریں گے؟سدھارتھ ملہوترا نے سوچے بغیر بولی وڈ بے بو کرینہ کپور کا نام لیا، جس پر ان کے ساتھ پروگرام میں شریک ہونے والے ادیتیا رائے کپور ہنس پڑتے ہیں۔
اسی ویڈیو میں سدھارتھ ملہوترا یہ بھی کہتے نظر آتے ہیں کہ اگر انہیں کسی بولی وڈ اسٹار کو بھائی بنانے کا چانس دیا جائے تو وہ سیف علی خان کو بھائی بنالیں گے۔یہ پروگرام آئندہ ہفتے نشر کیا جائے گا۔خیال رہے کہ کرینہ کپور اداکار سیف علی خان کی اہلیہ ہیں اور انہیں ان سے 2 سال کا بیٹا تیمور علی خان بھی ہے۔سیف اور کرینہ نے 2012 میں شادی کی تھی۔کرینہ کپور اور سدھارتھ ملہوترا 2015 کی اسپورٹس ڈرامہ فلم ’برادرز‘ میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔