رفعت مسعود کو ایران میں پاکستانی سفیر تعینات کردیا گیا، حسن روحانی سے ملاقات
تہران: معروف ڈپلومیٹ رفعت مسعود کو حکومتِ پاکستان نے ایران میں اپنی نئی سفیر تعینات کر دیا۔ نئی پاکستانی سفیر رفعت مسعود نے آج تہران کے صدارتی محل میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی اور انہیں اپنی تقرری کی اسناد پیش کیں۔ ایرانی صدر کیساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رفعت مسعود کا کہنا تھا کہ وہ پاک ایران تعلقات کی مزید مضبوطی کیلئے اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایران میں تعینات ہونے پر فخر محسوس کر رہی ہوں، ایران بھی ہمیں اپنے وطن پاکستان کی طرح ہی عزیز ہے۔
واضح رہے کہ رفعت مسعود کو فارسی زبان پر مکمل عبور حاصل ہے، فارسی زبان پر دسترس رکھنے والی رفعت مسعود کیریئر ڈپلومیٹ ہیں اور اس سے قبل ناروے میں بھی سفیر رہ چکی ہیں اور وزارت خارجہ میں بھی اہم نوعیت کی ذمہ داری انجام دیتی رہی ہیں۔ رفعت مسعود تہران میں متعین پاکستانی سفیر آصف درانی کی جگہ سفیر مقرر کی گئی ہیں جو اپنے منصب کا دورانیہ مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے تھے۔