ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافے کا سلسلہ جاری
اسلام آباد: مہنگائی کی شرح میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 8.89 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، دودھ، گھی، آٹے سمیت 15 چیزیں مہنگی ہوگئیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 31 جنوری 2019ء کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 8.89 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ملک کے 17 بڑے شہروں سے 53 اشیاء کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیا گیا، جس میں سے 15 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، جبکہ 29 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
ہفتہ کے دوران ملک میں ٹماٹر، چکن (زندہ)، کیلا، پیاز، گڑ، دودھ (تازہ)، چاول اری 6، گھی (کھلا)، خوردنی تیل، بیف، آٹا، چائے کا کپ، دال چنا، گندم اور مٹن کی قیمتوں میں اضافہ لہسن، ایل پی جی (سیلنڈر)، انڈہ (فارمی)، آلو، سرخ مرچ (پسی ہوئی)، دال مونگ، دال مسور، ویجیٹیبل گھی، چینی کی قیمتوں میں کمی، جبکہ خشک دودھ، دال ماش، آگ جلانے والی لکڑی، چاول باسمتی (ٹوٹا)، کوکنگ آئل، بیف پلیٹ، دال پلیٹ، موٹا لٹھا، دہی، مٹی کا تیل، ڈبل روٹی، نمک، چائے، سگریٹ، لان (کپڑا)، جارجٹ، سینڈل، چپل، الیکٹرک چارجز، گیس چارجز، ماچس، الیکٹرک بلب، واشنگ سوپ، پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لوکل کال اور صابن کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔