چین عالمی سطح پرآمرانہ سرمایہ داری کو مقبول کرانے کی کوشش میں مصروف ہے، امریکا
بیجنگ: چین اس وقت عالمی منظر پر امریکا کے نظریاتی حریف کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکی خفیہ ادارے کی عالمی خطرات کے جائزے پر مبنی رپورٹ میں بیان کی گئی ۔امریکا کے ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس ڈان کوٹس نے اس خصوصی جائزہ رپورٹ میں واضح کیا کہ امریکا کو سپر پاور کی مسابقت میں اب چین کی نظریاتی جنگ کا بھی سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق چین عالمی سطح پرآمرانہ سرمایہ داری کو مقبول کرانے کی کوشش میں مصروف ہے اور یہ مغرب کی آزاد جمہوریت کے منافی ہے۔
مبصرین کا خیال ہے کہ امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹوں پر مبنی اس جائزے سے چین مخالف امریکی موقف میں شدت پیدا ہونے کا قوی امکان ہے۔ جائزہ رپورٹ میں بیان کیا گیا کہ اس وقت مختلف ممالک میں چین آمرانہ سوچ کی سرمایہ دارانہ فکر کو ایک متبادل نظام کے طور پر متعارف کرانے کی کوشش میں ہے۔ اس کے لیے وہ مختلف ممالک میں ترقیاتی راستے بنانے کے ساتھ ساتھ اقتدار کی رسہ کشی میں شدت لا کر جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی جیسے بین الاقوامی امور کی حمایت میں کمی لانے کی کوشش میں ہے۔