کشمیر

شہید مقبول بٹ قابل سیاستدان ، مجاہد اور سفارتکار تھے ، یاسین ملک

سرینگر: شہید بابائے قوم محمد مقبولؒ بٹ کو جدوجہد اور قربانیوں کا مجسم اور تحریک آزادی آزادی جموں و کشمیر کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے محبوس محمد یاسین ملک نے کہا کہ ناجائز تسلط کے خلاف مقبولؒ بٹ شہید نہ صرف کشمیریوں کے لئے بلکہ دنیا کی ہر اس قوم و ملت کے لئے کہ جو اپنی آزادی کی جنگ میں مصروف ہے کس لئے بھی ایک تابناک علامت بنے رہیں گے، کیونکہ مقبول ؒ ہی تھے کہ جنہوں نے باطل کے سامنے سرنگوں نہ ہونے اور تازیست لڑتے رہنے کا درس دیا ۔ اپنے ایک بیان میں یاسین ملک نے کہاکہ شہید بابائے قوم کوئی عام انسان نہیں تھے بلکہ انسانوں کی اس قبیل سے تعلق رکھتے تھے کہ جن کے نزدیک اعلٰی مقاصد کے لئے لڑنا اور جان دینا ہی سب کچھ ہوا کرتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبولؒ بٹ ایک نظریہ ساز، ایک مجاہد، ایک سیاسی قائد، ایک دانشور، ایک عظیم قلم کار اور ایک بے لوث سفارتکار بھی تھے، جنہوں نے ان سارے شعبوں میں صف اول میں رہ کر متاثرین کے لئے ان مٹ نقوش چھوڑے تاکہ عزیمت کی راہ میں جدوجہد کرتے ہوئے ان کے پاؤں کسی ظلم و جبر سے نہ ڈگمگائیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبولؒ نے اپنے لوگوں کی آزادی کا خواب دیکھا اور اسی خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے میدان عمل کا راستہ اختیار کیا اور بالآخر اسی راہ میں اپنی جان کی بازی لگا کر ابدی حیات کا مقام حاصل کر لیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہید مقبولؒ کی زندگی ، جدوجہد اور قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور یہی چیزیں ہمیں جدوجہد کی راہ میں راستہ دکھاتے رہیں گے ۔

شہید بابائے قوم ؒ کی جدوجہد و قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ مقبول بٹ نے بچین میں اپنی جدوجہد شروع کی اور ایک جوان کی حیثیت سے بھی صف اول میں رہے ۔ جدوجہد کرتے ہوئے مہاجرت کی سنت پر بھی عمل پیرا ہوئے اور بعد ازان میدان کارزار میں واپس آ کر جہاں تختہ دار ان کا منتظر تھا جدوجہد جاری رکھی اور جب قربانی پیش کرنے کا وقت آیا تو اس میں بھی مقبول نے صف اول کا راہی بن کر دہلی کی تہاڑ جیل میں تختہ دار کو بغیر کسی غم ، افسوس یا معذرت چوم لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فریضہ ہے کہ اپنے ان محسنوں کو یاد رکھیں اور انہیں شایان شان طریقے پر خراج عقیدت ادا کرنے کے لئے قومی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے رہیں ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close