ارشاد رانجھانی کے معاملے پر لسانی فسادات پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے، مراد علی شاہ
ٹنڈوباگو: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ارشاد رانجھانی کے واقعے کو چند عناصر لسانی فساد کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ میر غلام محمد تالپور کی برسی میں شرکت کے لئے ٹنڈوباگو پہنچے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارشاد رانجھانی کا قتل کسی قوم سے تعلق رکھنے والے فرد کا نہیں انسانیت کا قتل ہے، لیکن چند عناصر اس معاملے کو لسانی فساد کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سندھ میں تعلیمی بہتری کے لئے کوشاں ہے، اسکولوں کی ایلیوکیشن بھی رکھی ہوئی ہے، وہاں ایجوکیشن ورکس ڈپارٹمنٹ بھی کام کررہا ہے، جن اسکولوں میں کام ہورہا ہے ہم نے سب ارکان اسمبلی کو اسکولوں کی لسٹ بھی دی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بدین میں پانی کے بحران کا علم ہے، جلد پانی کی قلت کا معاملہ حل ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ڈاکٹرز کے لئے پہلے ہی اعلان کردیا ہے، جو بھی پنجاب میں انہیں مل رہا ہے یہاں بھی وہ ہی ملے گا، ٹیکس وصول کرنے میں وفاق کی کافی کوتاہی ہے اور پہلے سات مہینے میں پچھلے سال سے بھی کم پیسے ہمیں ملے ہیں۔