خرم شیر زمان کا اسپیکر سندھ اسمبلی سے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران تحقیقات عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں بنتا، ہماری حکومت میں قانون سب کے لئے برابرہے۔بدھ کو نیب کی جانب سے اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیرزمان نے رد عمل دیتے ہوئے کہاکہ نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی کو مستعفی ہو جانا چاہیئے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ آغا سراج درانی کا دوران تحقیقات عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں بنتا، تحریکِ انصاف کے وزراء بھی تحقیقات کے دوران مستعفی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تحریکِ انصاف کی حکومت میں تمام ادارے آزادی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، ہماری حکومت میں قانون سب کے لئے برابر ہے، عمران خان کا دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ حقیقی شکل اختیار کررہا ہے۔