بھارتی دھمکیاں ٹھنڈی کیوں پڑگئیں، سابق وزیر خارجہ سرتاج عزیز نے وجہ بیان کردی
اسلام آباد: مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاہے کہ بھارت کی دھمکیاں اس لئے ٹھنڈی پڑ گئی ہیں کہ انڈیا کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ کشمیر کا مسئلہ زور پکڑ رہاہے، مودی کی پانچ سال کی کشمیرپالیسی ناکام ہوئی ہے۔
جیونیوز کے پروگرام ”جرگہ “ میں گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت کی دھمکیاں اس لئے ٹھنڈی پڑ گئی ہیں کہ انڈیا کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ کشمیر کا مسئلہ زور پکڑ رہاہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی الیکشن کے بعد جو بھی حکومت آئے گی تو اس کوسوچنا پڑے گا کہ کشمیر کا مسئلہ اس طرح حل نہیں ہوگا کہ کشمیر میں ظلم کرتے رہواور پاکستان کو الزام دیتے رہو۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی پانچ سال کی کشمیرپالیسی ناکام ہوئی ہے ، کشمیریوں پر بھارت میں جس طرح ظلم ہورہاہے یہاں تک کہ سپریم کورٹ کواحکامات جاری کرنے پڑے کے کشمیریوں کی حفاظت کی جائے ، اس ساری صورتحال میں انڈین میڈیا کاکردار بہت افسوسناک رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی حملوں کے بعد بھارت نے ہمارے جوڈیشل کمیشن کو اس وقت تک وہاں نہیں جانے دیا تھاجب تک اجمل قصاب پر مقدمہ چلا کر اس کو پھانسی نہیں دیدی گئی ، ان واقعات کا بھی کبھی کوئی ثبوت نہیں دیا گیا بلکہ یہ کہا گیا کہ یہ پاکستان کی طرف سے ہوا ہے ، اب بھارت کابیانیہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر دنیا میں نہیں مانا جارہا ہے کیونکہ دنیا کوپتہ چل گیاہے کہ کشمیر میں کیا ہورہا ہے ؟ ہندوستان کی یہ کوشش جو تھی اس کے خلاف اب ہندوستان میں بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔