پنجاب حکومت کا سابق حکومت کی کرپشن منظر عام پر لانے کا فیصلہ
لاہور: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کا بینہ کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں پاک بھارت کشیدگی سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب کابینہ نے قیام امن کے لیے وزیراعظم کے اقدامات کو بھی سراہا۔
وزیراعظم عمران خان کا پنجاب کابینہ کے اراکین سے خطاب میں کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا کرم ہے کہ ہم نے امن کے لیے کوششیں کیں، پاکستان نے امن کے لیے نا صرف آواز بلند کی بلکہ عملی اقدامات بھی اٹھائے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کو سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
وزیراعظم نے جےآئی ٹی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ کے تناظر میں اقدامات اٹھانے اور تحقیقات کو آگے بڑھانے کا حکم دیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب پولیس کو غیر سیاسی کرنےکا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پولیس میں میرٹ پر تقرریاں ہوں گی اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
پنجاب کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کو غلط منصوبہ بندی سے 1200 ارب روپے کا مقروض کیا گیا۔
پنجاب کابینہ کے اجلاس میں سابق حکومت کی شاہ خرچیوں اور ناقص منصوبہ بندی کو منظر عام پر لانے اور کرپشن کو بےنقاب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعظم نے پنجاب کابینہ کو ایک ٹیم کے طور پر کام کرنے کی ہدایت کی۔