اوم پوری کی بے باکی انتہاءپسندوں کو نہ بھائی،
ٹاک شو میں پاکستان اور پاکستانی اداکاروں کے حق میں بات کرنے پر انتہاءپسندوں نے اوم پوری کے خلاف تھانہ اندھیر میں شکایت درج کرا دی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی اداکار اوم پوری ایک بھارتی ٹی وی شو میں مدعو کئے گئے تھے کہ اینکر نے ان سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات سے متعلق سوال کر لیا جس پر انہوں نے کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت صدیوں لڑتے رہیں؟ انہوں نے کہا کہ بھارت میں 22 کروڑ مسلمان رہتے ہیں جن کے رشتہ دار پاکستان میں رہتے ہیں جبکہ کئی پاکستانیوں کے رشتہ دار بھارت میں رہتے ہیں، بھارت کے 22 کروڑ مسلمانوں کو مت بھڑکاﺅ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیا میڈیا نے سلمان خان کی رٹ لگا رکھی ہے، میں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کروں گا۔
اینکر نے اوم پوری سے سوال کیا کہ بارہ مولا میں بھارتی فوجی کی ہلاکت کی ذمہ داری کس پر ہے جس پر اوم پوری ”جلال“ میں آ گئے اور کہا کہ میں نے اسے کہا تھا کہ وہ فوج میں جائے؟ اوم پوری کے دو ٹوک بیانات پر ٹی وی شو کے اینکر اور مہمانوں نے اوم پوری کا بولنا بھی دشوار کر دیا اور بالآخر وہ احتجاجاً ٹی وی شو چھوڑ کر چلے گئے۔