صدر عارف علوی نے 127 پاکستانی و غیرملکی شخصیات کو سول ایوارڈ دینے کی منظوری دیدی
اسلام آباد: صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی اور غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈ دینے کی منظوری دی ہے۔ سول ایوارڈز دینے کی تقریب 23 مارچ کو یوم پاکستان پر ہوگی جس میں 127 شخصیات کو مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈ دیئے جائیں گے۔
عوامی خدمات کے شعبہ میں شعیب سلطان خان کو نشان امتیاز سے نوازا جائے گا جب کہ کھیلوں کے شعبہ میں سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم اور وقار یونس کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔ شہید نواب زادہ میر سراج رئیسانی اور محمد ادریس شہید کیلئے ستارہ شجاعت کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستان کیلئے خدمات پر تین غیر ملکیوں کیلئے بھی ہلال پاکستان کا اعلان کیا گیا جن میں جاپان کے سی شیرو ایتو، چین کے ژو شاہوشی اور ترکی کے اسماعیل خرامانی شامل ہیں۔
کھیل کے شعبہ میں یاسر شاہ، جب کہ موسیقی کیلئے عطاءاللہ خان عیسیٰ خیلوی اور سجاد علی کیلئے ستارہ امتیاز کا اعلان کیا ہے۔
اداکاری کے شعبہ میں بابرہ شریف کو ستارہ امتیاز جب کہ اداکار شبیر جان، افتخار احمد ٹھاکر اور ریما خان کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دیا جائے گا۔
اداکاری کے شعبہ میں مہوش حیات جب کہ موسیقی میں سردار علی ٹکر کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔