بھارت اپنے ظلم سے نوجوان نسل کو عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کررہا ہے، حریت کانفرنس
سرینگر: حریت کانفرنس (ع) نے ترال میں سرکاری فورسز کیساتھ ایک عسکری معرکے کے دوران شہید کئے گئے 3مجاہدین کو انکی شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے ظلم و جبرسے یہاں کی نوجوان نسل کو عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کر رہا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ اس معرکے کے دوران شہید کئے گئے تینوں عسکریت پسندوں کیساتھ سرکاری فورسز نے جو بہیمانہ برتاو کرکے ان کی لاشوں کو ناقابل شناخت بناکر رکھ دیا وہ سرکاری فورسز کی شقاوت قلبی اور انکے غیر انسانی رویوں کی عکاسی کرتی ہے جو کہ حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شہید کئے گئے افراد کے لاشوں کے ساتھ بے حرمتی کا یہ عمل مسلمہ انسانی اور جمہوری قدروں کے نہ صرف منافی ہے بلکہ اس عمل سے انسانیت کی تضیک اور تذلیل کا پہلو نمایاں طور جھلکتا ہے ۔بیا ن میں کہا گیا کہ حکومت ہندوستان نے اپنے بے پناہ فوجی جماو کے بل پر پورے جموں وکشمیر کو محصور کر رکھا ہے اور آئے روز کی نوجوانوں کی ہلاکتیں ،گرفتاریاں ،ہراسانیاں ،مزاحمتی قیادت کی تھانہ و خانہ نظر بندیاں ،کشمیر میں بھارتی مظالم کے منہ بولتے حقائق ہیں جن کی جانب عالمی برادری کی توجہ اب ناگزیر بن گئی ہے ۔