کرتارپور اجلاس؛ بھارت کا پاکستانی صحافیوں کو ویزا جاری کرنے سے انکار
اسلام آباد: بھارت نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی اور اوچھی حرکتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرتارپور مذاکرات کی کوریج کے لیے پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا اور پاکستان نے اس پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا افسوس ناک بات ہے بھارت نے پاکستانی صحافیوں کو کل کرتارپور میٹنگ کیلئے ویزے جاری نہیں کیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرتارپور میں ہونے والا اجلاس مثبت ہوگا اور دونوں ملکوں کے عوام کیلئے تبدیلی لائے گا۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستان نے بھارتی صحافیوں کو ویزے جاری کیے تھے جس کے نتیجے میں 30 سے زائد بھارتی صحافیوں نے نہ صرف کرتارپور منصوبے کی کوریج کی بلکہ وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی۔ نیز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا تھا۔
واضح رہے کہ کرتارپور کوریڈور پر پہلے باضابطہ مذاکرات 14 مارچ کو واہگہ اٹاری سرحد پر ہورہے ہیں۔ پاکستانی وفد ڈاکٹرمحمد فیصل کی سربراہی میں بھارت جائیگا۔ پاک بھارت حالیہ کشیدگی سے قبل یہ مذاکرات نئی دہلی میں ہونا تھے لیکن بھارت نے بعد میں مذاکرات کا مقام تبدیل کردیا۔