ڈاکٹر عافیہ صدیقی 16 مارچ تک پاکستان آجائیں گی: اوریا مقبول جان کا دعویٰ
لاہور: سینئر تجزیہ کار اوریا مقبول جان نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی 16 مارچ تک پاکستان آجائیں گی۔ نجی ٹی وی نیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اوریا مقبول جان نے کہا کہ طالبان اور امریکیوں کے درمیان ایک ہزار کے قریب قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ ہوا ہے۔ پاکستان کی حکومت کی جانب سے طالبان سے کہا گیا کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا نام بھی اس فہرست میں شامل کریں ، طالبان نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے پاکستانی حکومت کے کہنے پر عافیہ صدیقی کا نام فہرست میں ڈالا ہے۔
اوریا مقبول جان نے کہا کہ پاکستان میں عمران خان پہلا آدمی ہے جس نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر آواز اٹھائی۔ جب عافیہ پل چرخی جیل میں قید تھیں تو اس وقت عمران خان نے پریس کانفرنس کی اور کہا تھا کہ انہیں قیدیوں نے بتایا ہے کہ انہیں ایک عورت کی چیخوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ان کی رہائی کے حوالے سے جاری کوششوں کی تصدیق کی۔ فوزیہ صدیقی نے بتایا کہ ان کے خیال میں عافیہ کو جنوری میں ہی آجانا چاہیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس کام میں مخلص ہیں تاہم وہ جذبات سے کوئی کام نہیں لینا چاہتے۔
۔۔۔ ویڈیو دیکھیں ۔۔۔