سندھ
کراچی میں نامعلوم افراد پھرمتحرک ’’ مہاجر قوم کی امانت واپس کرو‘‘ کی وال چاکنگ
کراچی: شہر قائد میں نامعلوم افراد نے ایک بار پھر وال چاکنگ شروع کردی ہے اور دیواروں پر ’’استعفیٰ دو، مہاجر قوم کی امانت واپس کرو ‘‘ کے نعرے لکھے ہیں۔
کراچی میں نامعلوم افراد ایک بار پھر متحرک ہوگئے ہیں اور کراچی کے مختلف علاقوں میں وال چاکنگ کی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی استعفیٰ دیں اور مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ ’’مہاجر قوم کی امانت واپس کرو‘‘، وال چاکنگ میں فاروق ستار کا نام لے کر ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 22 اگست کوبانی ایم کیوام الطاف حسین کی جانب سے پاکستان مخالفت اشتعال انگیز تقریر کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے الطاف حسین سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔