کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل نہ دینے پر سندھ حکومت کو 22 اپریل تک تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس کے کے آغا پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے سے متعلق سماعت ہوئی۔
درخواست گزار اقبال کاظمی نے موقف دیا کہ حکومت کو 2 ہفتے میں جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا تھا، کئی ماہ گزرنے کے باوجود جے آئی ٹی نہیں بنی۔ ہائی کورٹ نے تاحال جے آئی ٹی نہ بنانے پر سندھ حکومت سے جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے صوبائی حکومت کو 22 اپریل تک تحریری جواب جمع کرانے اور متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ واضح رہے کہ 12 مئی 2007ء کو ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں کی فائرنگ سے وکلاء سمیت کم از کم 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔