ادارے تباہ ملے ہوں تو راتوں رات معیشت درست نہیں ہوسکتی، ندیم افضل چن
اسلام آباد: وزیراعظم کے ترجمان اور معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ادارے تباہ ملے ہوں تو راتوں رات معیشت درست نہیں ہوسکتی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش کے باوجود اشرافیہ کا احتساب نہیں ہورہا جس طرح ہونا چاہیے،ہماری حکومت بے سمت نہیں ہے، ہر شعبے میں اصلاحات کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ادارے تباہ ملے ہوں تو راتوں رات معیشت درست نہیں ہوسکتی، ہمارا نظام اتنا مضبوط ہے کہ حمزہ شہباز کو لاہور سے گرفتار نہیں کیا جاسکا، کیا اس نظام کے تحت ملک میں احتساب ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتساب اور جمہوریت دو الگ الگ چیزیں ہیں، دونوں کو چلنے دینا چاہیے، حکومت اور اپوزیشن کو میثاق معیشت کی طرف جانا ہوگا۔ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن میں چار کیمپ آفس تھے جو عوامی ٹیکس سے چلتے تھے، ہم نے یہ کام ختم کردیا ہے، پیپلز پارٹی میں اومنی گروپ کا پوچھتا تھا، اب بھی جو کرپشن کرے گا اس کا دفاع نہیں کروں گا۔ندیم افضل چن نے کہا کہ ہماری پالیسی ہے کہ کرپشن ختم کرنی ہے، عوامی پیسہ بچانا ہے۔