۲۰۱۸ میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا, وزیراعظم کا دعویٰ
اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف کا کہناہےکہ توانائی بحر ان پر قابو پانے کےلیے شب و روز کوشش کررہے ہیں دوہزار اٹھارہ میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کی مرکزی کونسل کا اجلاس وزیراعظم نوازشریف کےزیر صدارت ہوا جس میں وزیراعظم نے کہا کہ ترقی اورخوشحالی کا عمل روکنے والے عناصر کامیاب نہیں ہوں گے حکومت ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔
پارٹی کے اراکین سے خطاب میں نوازشریف کا کہناتھاکہ بعض عناصر منفی سیاست کے زریعے ملک کو مفلوج کرنا چاہتے ہیں وہ 2014 میں ناکام ہوئے اس بار بھی ناکام ہوں گے۔
وزیراعظم نوازشریف کا کشمیریوں کے حوالے سے کہناتھاکہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کی حمایت سے نہیں روک سکتی۔بھارت اگر یہ سمجھتا ہے کہ طاقت کے ذریعے آزادی کی تحریک کو دبا لے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔
توانائی کے بحران پر وزیراعظم نے کہا کہ تھر کی ترقی پرکام کررہے ہیں جس سے دس ہزارمیگاواٹ بجلی دوہزار اٹھارہ تک نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھیالیس ارب کے سی پیک منصوبے سے ترقی کا عمل جاری ہے۔موٹر ویز اور ہائی ویز کی تعمیر پر ایک ہزار ارب خرچ کیے جارہے ہیں۔
یاد رہےکہ دو روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کو انتخابی نشان الاٹ کرنے سے انکار کر دیا تھااور جلد پارٹی انتخابات کرانے کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے مرکزی کونسل کے اجلاس میں 18 اکتوبر کو پارٹی انتخابات کرانے کافیصلہ کیا گیاہے۔