کوئٹہ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اصل ملک دشمن وہ ہیں جو سیاسی مفادات کیلئے کالعدم تنظیموں کو پالتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں بم دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کی اور تعزیت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرے خاندان نے بھی ہزارہ برادری کی طرح دکھ اور مشکلات دیکھی ہیں، اتنی لاشیں گرنےکےباوجودبھی حکومت کوئی فیصلہ نہیں کرسکی، حکومت کوفیصلہ کرناہوگاقاتلوں کےساتھ ہےیا مظلوم کے ساتھ، ملک میں کب تک یہ دوغلی پالیسی چلتی رہےگی؟۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب تک دوغلی پالیسی چلتی رہے گی انصاف نہیں ملے گا، ایک وزیرکہتاہےقاتلوں کےخلاف کارروائی نہیں کرسکتے، دہشت گردوں کےخلاف کارروائی کی بات کریں توغدارقراردیتےہیں، میں چین سے نہیں بیٹھوں گا، میری جدوجہد کا محور ملک سے انتہا پسندی کا خاتمہ ہے، نفرت اور انتہا پسندی نے ہمیں بہت سے دکھ دیئے ہیں، ہم سب نے ملکر ملک کو انتہا پسندی سے پاک کرنا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر آج تک عملدرآمد نہیں ہوا۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ حکومت یہ فیصلہ نہیں کرپارہی کہ وہ قاتل کے ساتھ ہے یا مظلوم کے، ایک جانب وزیر داخلہ کہتے ہیں وہ مظلوموں کے ساتھ ہیں اور دوسری جانب قاتلوں کو تحفظ دینے کی کوشش کرتے ہیں، جب کالعدم تنظیموں کے خلاف قومی اسمبلی میں بات کرتا ہوں تو ملک دشمن قرار دے دیا جاتا ہے، لیکن اصل ملک دشمن وہ ہیں جو سیاسی مفادات کیلئے کالعدم تنظیموں کو پالتے ہیں، متاثرین کوقومی دھارےمیں لائیں دہشت گردوں کونہیں۔