غیر ملکی سرمایہ کاری میں 52 فیصد کمی
کراچی: اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 52 فیصد کمی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 52 فیصد کمی ہوئی، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 4 ارب 95 کروڑ 36 لاکھ ڈالر رہی تھی، مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال سے 4 ارب 8 کروڑ ڈالر کم رہی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا مارچ کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے انخلاء 40 کروڑ 95 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ہے، مارچ کے مہینے میں اسٹاک مارکیٹ سے 11 لاکھ ڈالرز نکال لیے گئے، جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ سے غیرملکی سرمایہ کاری کا انخلاء بھی زور پکڑ گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2018ء سے مارچ 2019ء کے دوران مجموعی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب 27 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہی، جبکہ جولائی تا مارچ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال سے 52.47 فیصد تک کم رہی، گزشتہ سال مارچ کے مہینے میں 20 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی، جبکہ مارچ کے مہینے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 17 کروڑ 75 لاکھ ڈالر رہی۔