وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی ملاقات
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف حکام سے متعلق گفتگو پر اعتمادمیں لیا۔
وزیراعظم سے ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کی ہدایت جاری کردی ہیں، بجٹ کیلئے میڈیم ٹرم اسٹریٹجی پیپر کیلئے ہدایات دے دیں۔
مشیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا عمل بھی تیز کیا جائے گا، پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانا چاہتا ہے، آئی ایم ایف نے مشن جلد پاکستان بھیجنے کی کمٹمنٹ کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے مشن ہیڈ سے آج شام بات کروں گا، مشن جلد از جلد پاکستان آئے گا۔
اس سے قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ نے اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے دفتر پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ریونیو اور اقتصادی امور کی وزارتیں بھی دیکھیں گے جب کہ ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔