اسلام آباد

سابق کمشنرکراچی وفاقی اسپیشل سیکریٹری داخلہ مقرر

اسلام آباد : حکومت نے وفاقی وزارت داخلہ میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے عارف خان کو سیکریٹری داخلہ اور سابق کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کو خصوصی سیکریٹری داخلہ مقرر کردیا، جبکہ وزارت داخلہ کے سیکریٹری شاہد خان کو سیکریٹری ایوان صدر کا عہدہ دے دیا گیا.

تعیناتیوں کی منظوری وزیر اعظم نواز شریف نے دی۔

عارف احمد خان اس سے قبل وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سیکریٹری تھے جبکہ شعیب احمد صدیقی کو ایک ماہ قبل ہی کمشنر کراچی کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا.

سیکریٹری داخلہ شاہد خان کے ایوان صدر میں تبادلے کے بعد اس عہدے کے لیے گریڈ 22 کے 3 سینیئر سرکاری افسران کے نام تجویز کیے گئے تھے جن میں فضل عباس، شہزاد ارباب اور عارف احمد خان کے نام شامل تھے۔

 وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے سخت رویئے کے باعث مذکورہ افسران نے سیکریٹری داخلہ کا منصب سنبھالنے سے معذرت کرلی، تاہم وفاقی حکومت نے پھر بھی عارف احمد خان کو سیکریٹری داخلہ اور شعیب صدیقی کو خصوصی سیکریٹری داخلہ بنانے کی منظوری دے دی.

عارف احمد خان اس سے قبل ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ بھی رہ چکے ہیں.

دوسری جانب وزارت داخلہ کے مقرر کیے گئے اسپیشل سیکریٹری شعیب احمد صدیقی کو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ایک ماہ قبل 5 جنوری کو کمشنر کراچی کے عہدے سے ہٹادیا تھا۔

واضح رہے کہ عمومی طور پر کراچی کا کمشنر گریڈ 21 کا افسر ہی ہوتا ہے تاہم شیعب احمد صدیقی کی جگہ 20 گریڈ کے ایک جونیئر افسر آصف حیدر شاہ کو کمشنر کراچی بنایا گیا.

شعیب احمد صدیقی کو عام انتخابات 2013 سے 3 ہفتے قبل یعنی اپریل 2013 میں نگراں حکومت نے کراچی کا کمشنر مقرر کیا تھا.

گزشتہ 32 ماہ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے ان کو کم از کم 2 بار ہٹانے کی کوشش کی گئی کیونکہ پی پی پی کی اعلیٰ قیادت شعیب احمد صدیقی کو اسٹیبلشمنٹ کا نمائندہ سمجھتی ہے.

2013 میں کراچی کا کمشنر مقرر ہونے سے قبل شعیب احمد صدیقی ایوان صدر میں ایڈیشنل سیکریٹری کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close