عمران خان کا 2 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے 2 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔
بنی گالہ میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے 6 ماہ تک کوشش کی کہ پاناما لیکس پر وزیراعظم نواز شریف کا احتساب ہو کیونکہ وزیراعظم کا نام پاناما لیکس میں آیا ہے اور ہم نے پوری کوشش کی کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں معاملے کو اٹھایا، ٹی او آرز کمیٹی میں تعاون کیا، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا رویہ بھی دیکھا اور الیکشن کمیشن کا رویہ دیکھ لیا جو اس معاملے کی لمبی لمبی تاریخیں دے رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے پاس اب صرف دو ہی آپشن ہیں یا تو وہ خود کو احتساب کے لئے پیش کریں یا پھر استعفیٰ دے دیں، ایسا نہیں ہو سکتا کہ وہ تلاشی بھی نہ دیں اور حکومت بھی کرتے رہیں۔ عمران خان نے 2 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا آخری دھرنا ہو گا اور اس میں ہم آخری حد تک جائیں گے، اس قسم کی باتیں سننے کو مل رہی ہیں کہ حکومت ہمارے دھرنے کو زبردستی ناکام بنانے کی کوششیں کر رہی ہے تو ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ احتجاج ہمارا حق ہے اور یقین دلاتا ہوں کہ احتجاج پر امن رہے گا لیکن اگر کسی کریک ڈاؤن کی کوشش کی گئی تو نقصان حکومت کا ہی ہوگا، ابھی ہم صرف نواز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن اگر ہمیں روکا گیا تو پوری حکومت چلی جائے گی۔